وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اگلے ہفتے پہلی بار چینی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے ’پانڈا بانڈ‘ جاری کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنا اور فنڈنگ کے ذرائع میں تنوع لانا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ انشااللہ اگلے ہفتے آپ کو اچھی خبر ملے گی کہ پاکستان تاریخ میں پہلی بار چینی مارکیٹ سے رجوع کر رہا ہے۔ ابتدائی طور پر 250 ملین ڈالر مالیت کے بانڈز جاری کیے جائیں گے، جو کہ مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کے پروگرام کا حصہ ہیں۔ اس پروگرام کو ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کا تعاون حاصل ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے حال ہی میں 1.32 ارب ڈالر کی نئی قسط جاری کی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا ملا ہے۔ حکومت سعودی عرب سے اضافی مالی امداد اور دیگر عالمی منڈیوں سے کمرشل قرضوں کے حصول کے لیے بھی کوشاں ہے تاکہ معاشی استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔


