کولمبو: ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلے سے قبل جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے، دونوں ٹیموں نے بھرپور پریکٹس کی جبکہ کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے سپن بولنگ کو کلیدی ہتھیار قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی سپنر عثمان طارق اپنی منفرد بولنگ کے باعث بھارتی بیٹرز کے لیے بڑا چیلنج بن کر ابھرے ہیں، ماہرین کے مطابق سلو بولنگ اس میچ میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتی ہے جبکہ ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور صائم ایوب بھی سپن شعبے میں ٹیم کی مضبوطی ہیں۔
دونوں ٹیمیں اتوار کو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں ڈے نائٹ میچ کھیلیں گی اور جو ٹیم کامیابی حاصل کرے گی وہ سپر 8 مرحلے میں رسائی کے لیے مضبوط پوزیشن حاصل کر لے گی، تاہم ناکام ٹیم کے پاس بھی آخری میچ جیت کر آگے بڑھنے کا موقع موجود ہوگا۔


