ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے مطابق، تھانہ سمن آباد کی حدود میں کی جانے والی اس کارروائی میں گرفتار خطرناک ملزم کی شناخت سید عبدالحسن کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی اور وہ بدنامِ زمانہ ‘پارہ چنار بینک ڈاکو گروہ’ کا انتہائی سرگرم رکن ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک لوڈڈ ریپیٹر گن بھی برآمد کی ہے، جو دورانِ تفتیش ایک بینک ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ سے چھینی گئی کیس پراپرٹی ثابت ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم سال 2019 اور سال 2025 میں کراچی میں ہونے والی 3 بڑی اور ہائی پروفائل بینک ڈکیتیوں کی وارداتوں میں پولیس کو سرگرمی سے مطلوب تھا۔ ملزم انتہائی شاطر ہے اور اس کے خلاف کراچی کے مختلف زونز بشمول ڈیفنس، گلشنِ اقبال اور نارتھ ناظم آباد کے تھانوں میں ڈکیتی، اقدامِ قتل اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی سنگین دفعات کے تحت متعدد مقدمات درج ہیں۔ ملزم سے گروہ کے دیگر مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے