ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے کراچی کے سب سے بڑے صنعتی زون ‘سائٹ’ (SITE) انڈسٹریل ایریا میں بجلی چوری اور غیر قانونی کنڈوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ سی ای او کے الیکٹرک سید محمد طحہٰ نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے ہائی پروفائل دورے کے موقع پر صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی علاقوں میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی اور معاشی پہیہ چلتا رکھنے کے لیے چوری کا خاتمہ ناگزیر ہے، جس کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
سید محمد طحہٰ نے بریفنگ کے دوران تسلیم کیا کہ بعض علاقوں میں مختلف سرکاری و بلادیاتی اداروں کی مشترکہ حدود (Overlapping Jurisdictions) ہونے کی وجہ سے تکنیکی خرابیوں اور شکایات کے فوری حل میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم اب ان انتظامی خامیوں کو دور کرنے اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کی مخلصانہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ غیر قانونی بجلی کنکشنز اور بجلی چوری کے مستقل خاتمے کے لیے کے الیکٹرک اب قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دہانی کروائی کہ صنعتی نیٹ ورک کو چوری سے پاک کر کے جائز صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا اور بجلی چوروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی اور مقدمات درج کروائے جائیں گے۔


