شہرِ قائد کے علاقے گلشنِ اقبال میں فائرنگ کی واردات میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، گلشنِ اقبال بلاک 11 میں میٹرو شاپنگ سینٹر کے قریب ایک چائے کے ہوٹل پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت 52 سالہ واجد کے نام سے ہوئی ہے، جس کے سر پر گولی لگنا موت کا سبب بنی۔ فائرنگ کے اسی واقعے میں 55 سالہ راجہ بشیر بھی زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس ایچ او گلشنِ اقبال اور ایس ایچ او گلستانِ جوہر نے بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ گلشن تھانے کی حدود کا معلوم ہوتا ہے۔ پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا یہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا نتیجہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی ذاتی دشمنی یا دیگر محرکات شامل ہیں۔ مقتول کی لاش کا پوسٹ مارٹم جاری ہے جس کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔


