محدود وسائل میں عوامی خدمت کے نئے معیار قائم کیے، ناقدین کو منصوبوں سے جواب دیا، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک اہم بیان میں واضح کیا ہے کہ سندھ حکومت نے اپنے محدود وسائل کے باوجود صوبے میں عوامی خدمت کے نئے اور تاریخی معیار قائم کیے ہیں۔ انہوں نے سیاسی مخالفین پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ صرف پریس کانفرنسز کرنے میں مصروف رہے، جبکہ ہم نے ان کے منفی پروپیگنڈے کا جواب گراؤنڈ پر جدید اور انقلابی منصوبے شروع کر کے دیا ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر کو صوبے کے عوام نے ہمیشہ مسترد کیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسے سماج دشمن عناصر کو عوام بری طرح مسترد کرتے رہیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جو لوگ صرف فائلوں اور کاغذات میں ترقی تلاش کرتے ہیں، وہ ذرا سندھ کا رخ کریں اور یہاں آکر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے عملی کاموں کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور اور سیاست صرف اور صرف عوامی خدمت پر مبنی ہے، اور یہی ہماری اصل پہچان ہے۔ سندھ حکومت ٹرانسپورٹ، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ایسے جدید فریم ورک پر کام کر رہی ہے جس کی مثال دوسرے صوبوں میں نہیں ملتی، اور مخالفین کی تمام تر رکاوٹوں کے باوجود صوبے کی ترقی کا یہ سفر بلا تعطل جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے