کراچی کے معروف کاروباری مرکز طارق روڈ پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی کارروائی کے خلاف صرافہ ایسوسی ایشن اور سنار برادری نے ہنگامی احتجاج شروع کر دیا ہے، جس کے باعث مصروف ترین شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کے مطابق، گزشتہ روز ایف بی آر کی ٹیم کی جانب سے طارق روڈ پر واقع ایک سنار کی دکان پر مارے گئے چھاپے کے خلاف تاجر برادری نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کی کال دی تھی۔ سنار برادری کے مظاہرے کے باعث طارق روڈ لبرٹی سگنل سے اللہ والی چورنگی کی جانب جانے والا راستہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے مضافاتی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
شہر کے اس اہم تجارتی مرکز میں ٹریفک کا نظام برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری موقع پر موجود ہے۔ حکام کے مطابق، اللہ والی چورنگی کی بندش کے بعد ٹریفک کو لبرٹی سگنل سے علامہ اقبال روڈ کی جانب ڈائیورٹ (Divert) کیا جا رہا ہے۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید زحمت، گرمی اور سفری پریشانی سے بچنے کے لیے طارق روڈ کے اس مخصوص حصے پر جانے سے گریز کریں اور پیشگی متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔