کراچی میں بی آر ٹی یلو لائن پروجیکٹ میں 6 ارب روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے قاعدگیوں اور کرپشن کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، جس پر حکومت نے بڑے پیمانے پر محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) یلو لائن کو فوری طور پر طلب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو منصوبے کا تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی سخت ہدایت کی ہے۔
چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے جاری کردہ انکوائری احکامات کے بعد انکوائری آفیسر نے کارروائی کرتے ہوئے بی آر ٹی کے دو افسران کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں، تاہم ڈائریکٹر پروکیورمنٹ اس انکوائری میں شریک نہیں ہوئے۔
اس میگا کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی، ڈائریکٹر پروکیورمنٹ جمن داس، موجودہ پروجیکٹ ڈائریکٹر کمال حکیم اور ڈپٹی ڈائریکٹر طٰحہ عزیز کو جواب دہی کے لیے طلب کیا گیا ہے۔


