ذرائع کے مطابق لاہور میں عیدی کے نام پر ناکوں اور پیٹرولنگ کے دوران شہریوں سے زبردستی رقم طلب کرنے کے سنگین الزامات پر محکمہ پولیس نے اپنے ہی اہلکاروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی ہے۔ لاہور پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملوث اہلکاروں کو معطل کرنے کے بعد ان کے خلاف بھیک مانگنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی سخت دفعات کے تحت باقاعدہ مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے مطابق، عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان سے پیسے بٹورنے والے کالی بھیڑوں اور اہلکاروں کے لیے محکمہ پولیس میں کسی قسم کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس کا کام شہریوں کی خدمت اور حفاظت کرنا ہے، نہ کہ انہیں ہراساں کرنا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ وردی کی آڑ میں اختیارات کے ناجائز استعمال، کرپشن اور شہریوں کو بلاوجہ ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف محکمہ نے ‘زیرو ٹالرنس’ پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ اگر کوئی بھی پولیس اہلکار عیدی یا کسی اور بہانے سے غیر قانونی طور پر رقم کا مطالبہ کرے، تو اس کی فوری اطلاع اعلیٰ حکام کو دی جائے تاکہ ایسے عناصر کا کڑا احتساب کیا جا سکے۔


