ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم زیغم کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہواؤں کی رفتار کم ہونے کے باعث شہر میں شدید گھٹن اور حبس محسوس کیا جائے گا۔
کل سے 12 جون کے دوران شہر میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، جہاں پارہ 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے کم نہ ہونے کی وجہ سے ان دنوں میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت (Feel Like Temperature) اصل درجہ حرارت سے 8 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد ہو سکتا ہے۔
ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید حبس اور پسینہ آنے کے باعث انسانی جسم میں پانی کی کمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سر کو ڈھانپ کر رکھیں، پانی کا استعمال زیادہ کریں اور صبح 10 سے شام 4 بجے کے دوران بلا ضرورت کھلے آسمان کے نیچے جانے سے گریز کریں۔


