کراچی کی سب سے مصروف ترین شاہراہ، شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے لیے فیس لیس ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم کے تحت لین کی خلاف ورزی پر ای چالان کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، اس مہم کے پہلے روز قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر مجموعی طور پر 96 ای چالان جاری کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق یہ تمام کارروائیاں شارع فیصل پر میٹروپول سے ایئرپورٹ آنے اور جانے والی سڑک پر کی گئیں۔
پہلے روز کے ڈیٹا کے مطابق، اپنی لین سے ہٹ کر دوسری لین میں چلنے پر سب سے زیادہ موٹرسائیکل سواروں کو نشانہ بنایا گیا جن کے 43 چالان ہوئے۔ اس کے علاوہ سوزوکی پک اپ کے 21، عام گاڑیوں کے 9، منی بس کے 6، وین کے 4، منی ٹرک کے 3، بڑے ٹرک کے 3، بڑی بس کے 2، کوسٹر کے 2، واٹر ٹینکر کے 2 اور ڈبل کیبن گاڑی کا 1 چالان کیا گیا۔ ٹریفک حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام چالان اپنی مخصوص لین سے ہٹ کر ڈرائیونگ کرنے پر ہوئے ہیں، جبکہ پہلی لین (فرسٹ لین) میں مقررہ رفتار سے آہستہ گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی فیس لیس چالاننگ کا عمل عمل میں لایا گیا ہے۔


