کراچی کے علاقے کورنگی میں پے در پے ڈکیتی کی متعدد وارداتیں پیش آئی ہیں، جہاں مسلح ملزمان نے پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) کے کمانڈو سمیت متعدد شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق، پہلی واردات کورنگی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں الہٰ آباد چوک کے قریب پیش آئی، جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ایس ایس یو کمانڈو زاہد کو روک کر ان سے سرکاری نائن ایم ایم پسٹل، نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہو گئے۔
اسی طرح کورنگی کے دیگر علاقوں زمان ٹاؤن اور عوامی کالونی میں بھی ڈکیتی کی سنگین وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ زمان ٹاؤن میں مسلح ڈاکو ایک دکان میں داخل ہوئے اور دکاندار سمیت وہاں موجود گاہکوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہو گئے۔ عوامی کالونی میں بھی شہریوں کو گن پوائنٹ پر قیمتی اشیاء سے محروم کر دیا گیا۔ کورنگی پولیس نے تمام واقعات کے مقدمات درج کر کے جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور ملزمان کے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے انویسٹی گیشن ٹیموں کو متحرک کر دیا ہے۔


