چین کے شہر پانزیہوا میں منعقدہ 33 ویں ایشین جونیئر انفرادی اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں شاندار اور کامیاب شرکت کے بعد پاکستان کا جونیئر اسکواش اسکواڈ منگل کے روز وطن واپس پہنچ گیا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر قومی ہیروز کا انتہائی پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ کھلاڑیوں کے ایئرپورٹ لاؤنج میں داخل ہوتے ہی تالیاں بجا کر انہیں خوش آمدید کہا گیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ہار پہنائے گئے اور پورا ماحول "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔
قومی جونیئر اسکواڈ کا خیرمقدم کرنے کے لیے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سیکریٹری گروپ کیپٹن (ر) عامر نواز، فیڈریشن کے اعلیٰ حکام اور کھلاڑیوں کے عزیز و اقارب کی ایک بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔ پاکستان نے اس باوقار ایشیائی چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 5 میڈلز اپنے نام کیے، جن میں 2 گولڈ، 1 سلور اور 2 برانز میڈلز شامل ہیں۔ بوائز انڈر 17 ایونٹ میں نعمان خان اور بوائز انڈر 15 ایونٹ میں احمد ریان خلیل نے حریفوں کو دھول چٹاتے ہوئے گولڈ میڈل جیتے۔ اس کے علاوہ گرلز انڈر 15 ایونٹ میں ماہنور علی نے سلور میڈل جبکہ سہیل عدنان اور محمد عمیر عارف نے برانز میڈلز اپنے نام کیے۔
رپورٹ کے مطابق، بوائز انڈر 19 میں سیڈ 2 عبداللہ نواز اور بوائز انڈر 13 میں محمد مصطفیٰ خان کوارٹر فائنل میں شکست کھا گئے تھے، جبکہ گرلز انڈر 15 کے کوارٹر فائنل میں سحرش خان اپنی ہی چھوٹی بہن ماہنور علی سے ہار کر باہر ہو گئی تھیں۔ اس کامیاب ترین مہم میں گروپ کیپٹن (ر) عرفان اصغر نے ٹیم مینیجر اور پاکستان کے معروف سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل نے ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، جن کی نگرانی میں نوجوان کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔


