ذرائع کے مطابق، کراچی کے تفریحی مقام سی ویو پر 14 مئی کو ڈبل کیبن گاڑی کی ہولناک ٹکر سے کار سوار شہری کی ہلاکت کے مقدمے میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے اور فرار ہونے والے مرکزی ملزم کی تمام اہم تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔ پولیس دستاویزات کے مطابق، حادثے کے ذمہ دار مرکزی ملزم کا نام نعمان علی ہے اور اس کا تعلق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے ہے۔ ملزم کراچی اور بلوچستان کے درمیان بڑے پیمانے پر ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرتا ہے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر چھوڑی گئی ڈبل کیبن گاڑی کی تلاشی کے دوران محکمہ ایکسائز بلوچستان کی اہم سرکاری دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔ واقعے کے بعد سے ملزم مسلسل فرار ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے آبائی صوبے بلوچستان میں روپوش ہو چکا ہے۔ تفتیش کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ اس مفرور ملزم کا بھائی پہلے بھی قانون شکنی میں ملوث رہا ہے اور اس نے جون 2024 میں کوئٹہ میں ایک ٹریفک اہلکار کو سرِعام تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ کراچی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے بلوچستان پولیس سے بھی رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


