متحدہ عرب امارات میں میزائل انٹرسیپشن کے دوران گرنے والے ملبے سے 3 پاکستانی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یو اے ای کے فضائی دفاعی نظام نے ایک آنے والے میزائل کو فضا میں تباہ کیا، تاہم اس کے ٹکڑے شہری علاقوں میں گر گئے جس کے نتیجے میں مختلف قومیتوں کے افراد زخمی ہوئے، جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں زخمی پاکستانیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زخمی افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور ان کے اہل خانہ سے مکمل رابطہ رکھا جائے۔
پاکستانی سفارتخانے کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یو اے ای حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے اور متاثرہ شہریوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث یو اے ای سمیت کئی خلیجی ممالک میزائل اور ڈرون حملوں کی زد میں ہیں، جہاں زیادہ تر حملوں کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، تاہم انٹرسیپشن کے بعد گرنے والا ملبہ شہری علاقوں کے لیے خطرہ بن رہا ہے۔
ماضی میں بھی ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں پاکستانی شہری جاں بحق یا زخمی ہوئے، جس کے بعد حکومت پاکستان نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے سفارتی سطح پر اقدامات تیز کر دیے ہیں۔


