بلوچستان میں سیکیورٹی کے پیش نظر سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ریڈ زون جانے والے راستوں پر کنٹینرز اور ٹرک کھڑے کر دیے گئے ہیں، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور پولیس و سیکیورٹی فورسز کا گشت جاری ہے۔
محکمہ داخلہ بلوچستان نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے، جس کے تحت عوام کے اجتماعات اور بعض سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔ دوسری جانب کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی بند ہے، جس سے شہریوں اور تاجر برادری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق حالیہ دہشت گرد حملوں کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث انٹرنیٹ سروس معطل کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں، ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ جعفر ایکسپریس، بولان میل اور چمن پسنجر ٹرینیں تیسرے روز بھی معطل رہیں گی۔


