سوشل میڈیا پر ان دنوں شادی بیاہ کی تقریبات میں نت نئے اور انوکھے ٹرینڈز اپنانے کا فیشن چل پڑا ہے، تاہم حال ہی میں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے صارفین کو حیران کر دیا ہے جہاں ایک جوڑے کی شادی کی تقریب کسی ہال یا ہوٹل کے بجائے پٹرول پمپ پر منعقد کی گئی۔
سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس دلچسپ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شادی کی ایک بڑی تقریب پٹرول پمپ کے احاطے میں سجائی گئی ہے، جہاں پورا خاندان جمع ہے اور قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ویڈیو سامنے آنے پر صارفین کی جانب سے طرح طرح کی قیاس آرائیاں کی جانے لگیں اور کچھ لوگوں نے اسے ایک نیا مہنگا ٹرینڈ قرار دیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ اب شاید ملک کے پٹرول پمپس بھی شادی ہالز میں تبدیل ہو جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق، پٹرول پمپ پر منعقدہ اس تقریب کی حقیقت کسی نئے ٹرینڈ کے بجائے ایک ہنگامی مجبوری نکلی۔ یہ واقعہ لاہور کا ہے جہاں نوجوان جوڑے کی مہندی کا فنکشن ایک کھلے گراؤنڈ میں طے تھا اور تمام تیاریاں بھی مکمل ہو چکی تھیں۔ تاہم، تقریب کے آغاز پر ہی تیز آندھی اور اچانک ہونے والی شدید بارش نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا۔ موسم کی اس خرابی کے باعث دلہن کے خاندان نے ہنگامی فیصلہ کیا اور تقریب کو قریبی واقع اپنے ذاتی پٹرول پمپ کی چھت کے نیچے منتقل کر دیا، جس نے اس تقریب کو سوشل میڈیا پر یادگار بنا دیا۔