کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کا بڑا ایکشن؛ کالعدم تنظیم کے 5 دہشت گرد گرفتار، ریکی کی کوشش ناکام

کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) اور حساس اداروں نے انٹیلیجنس معلومات پر مشترکہ طور پر مضافاتی اور حساس مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان نے اپنے دہشت گرد کمانڈر عبدالرحمان کی ہدایت پر کراچی کے مختلف حساس اور اہم مقامات کی ریکی کی تھی، تاکہ شہر میں تخریب کاری اور دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔ گرفتار ملزمان نے 2024 میں افغانستان میں دہشت گردی کی سخت تربیت حاصل کی تھی اور وہ اپنے کمانڈر کے احکامات پر حال ہی میں کراچی پہنچے تھے۔ ملزمان یہاں اپنے مزید ساتھیوں کی آمد کا انتظار کر رہے تھے تاکہ شہر کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے ان کا یہ نیٹ ورک توڑ دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک مبینہ دہشت گرد نے 2024 میں بلوچستان کے علاقے کشکور کے ساجدی بازار میں آئی ای ڈی (IED) دھماکا کیا تھا، جبکہ اس نے اسی سال کالعدم تنظیم کے خفیہ تربیتی کیمپ سے تخریب کاری کی خصوصی تربیت بھی لی تھی۔ سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کے قبضے سے اہم دستاویزات اور شواہد تحویل میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ ان کے مقامی سہولت کاروں اور کراچی پہنچنے والے دیگر مفرور ساتھیوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے