کراچی کے علاقے فیروز آباد تھانے کی حدود میں ایک مہنگی اور پرتعیش ویگو/ڈالے گاڑی میں سوار لڑکے اور خاتون کی جانب سے کار سوار فیملی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور ان کی گاڑی کا شیشہ توڑنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ سڑک کے بیچوں بیچ ہنگامہ آرائی اور غنڈہ گردی کرنے والے امیر زادے نے جب فیملی کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تو کار میں سوار شہری نے عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے موبائل فون سے اس پورے واقعے کی ویڈیو بنا لی جو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
واقعے کے حوالے سے فیروز آباد پولیس کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ گزشتہ روز پیش آیا تھا اور متاثرہ فیملی، جو ڈیفنس ویو کی رہائشی ہے، نے تھانے میں تحریری شکایت درج کرا دی ہے۔ تاہم، پولیس حکام نے ایک نیا موڑ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ واقعہ سڑک پر راستہ نہ دینے کی وجہ سے نہیں بلکہ دو خاندانوں کے آپسی پرانے جھگڑے کا نتیجہ ہے۔ ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال کے مطابق متاثرہ خاندان کی درخواست پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور گاڑی پر حملہ کرنے والے لڑکے اور خاتون کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب، متاثرہ فیملی کے قریبی ذرائع نے پولیس کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔ فیملی نے اپنا پرانا الزام دہراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا حملہ آوروں سے کوئی ذاتی جھگڑا یا سابقہ تعلق نہیں ہے، بلکہ سڑک پر صرف راستہ نہ دینے کے معمولی تنازع پر ان کا پیچھا کیا گیا، انہیں ہراساں کیا گیا اور ان کی گاڑی پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی گئی۔ پولیس اب تک واقعے میں ملوث اصل ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے


