پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) کے صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار میں آئندہ ایک ہفتے تک سست روی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل کی مرمت کا کام شروع کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہوں گی۔ کمپنی کے مطابق یہ مرمتی کام 11 مئی سے شروع ہو کر 18 مئی تک جاری رہے گا۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی جانب سے کی جانے والی اس مرمت کے دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ کی رفتار نمایاں طور پر کم ہو سکتی ہے۔ پی ٹی سی ایل حکام کا کہنا ہے کہ یہ مرمت انٹرنیٹ کے معیار کو بہتر بنانے اور مستقبل میں سروسز میں استحکام لانے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ کمپنی نے صارفین سے اس دوران تعاون کی اپیل کی ہے اور یقین دلایا ہے کہ مرمت مکمل ہوتے ہی انٹرنیٹ کی رفتار معمول پر آ جائے گی۔


