حیدرآباد میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (HESCO) کے اہم گرڈ اسٹیشن میں اچانک آگ لگنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے، جس کے باعث مضافاتی اور شہری علاقوں کی ایک بڑی آبادی شدید گرمی میں بجلی سے محروم ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، حیدرآباد کے ہالا ناکہ گرڈ اسٹیشن کے بھاری پاور ٹرانسفارمر میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے فوری بعد حفاظتی تدابیر کے تحت گرڈ کے 8 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل کر دی گئی۔ ہالا ناکہ گرڈ بند ہونے کے باعث اس سے منسلک متبادل لائنیں اور دیگر گرڈز بھی متاثر ہوئے، جس کی وجہ سے مٹیاری، شہداد پور اور دیگر قریبی شہروں کے گرڈز پر بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے۔
اس بریک ڈاؤن کے نتیجے میں حیدرآباد کے گنجان آباد علاقوں بشمول لیاقت کالونی، سرفراز کالونی، ہیرآباد، پبلک ہیلتھ، علی آباد اور دیگر مضافاتی علاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہے۔ حیسکو حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ حیسکو کی ہنگامی تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر بجلی کی متبادل ذرائع سے بحالی اور متاثرہ ٹرانسفارمر کی مرمت کے کام میں مصروف ہیں تاکہ شہریوں کی پریشانی کو جلد از جلد ختم کیا جا سکے۔