مری ایکسپریس وے پر کھجٹ کے مقام پر سیاحوں کی ایک تیز رفتار مسافر وین ہولناک حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والی ہائی ائس وین میں سوار تمام 23 افراد کا تعلق ملتان سے تھا، جو رات 2 بجے ملتان سے مری کی سیر کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
حادثے کی لرزہ خیز وجوہات:
ڈی سی مری نے بتایا کہ گاڑی کی رفتار انتہائی تیز (اوور اسپیڈ) تھی، جس کے باعث ڈرائیور کار کنٹرول نہ رکھ سکا اور وین سڑک کنارے لگی سائیڈ دیوار سے جا ٹکرائی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کے انجن میں فوری طور پر ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ بدقسمتی سے حادثے کے باعث گاڑی کا سلائیڈنگ دروازہ بھی لاک (جام) ہو گیا، جس کی وجہ سے مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ اندر ہی پھنس گئے۔
بچوں کی موجودگی اور زخمیوں کی صورتحال:
موٹروے پولیس کے مطابق وین میں 10 بچے بھی سوار تھے۔ حادثے میں 13 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر نکال کر ہنگامی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔


