کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن، سیفل مری گوٹھ میں مبینہ طور پر موٹر سائیکل کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر سسرالیوں کے بیہمانہ تشدد سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 18 سالہ مصباح کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ مصباح کو سسرالیوں کی جانب سے مسلسل موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور مصباح نے واقعے سے قبل اپنے بھائی کو بھی اس ظلم اور مطالبے سے آگاہ کیا تھا۔
گھر والوں نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ پہلے بھی اس نوعیت کے تشدد کے واقعات پیش آ چکے تھے، تاہم بار بار شکایات کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
متاثرہ خاندان نے اعلیٰ حکام سے واقعے میں ملوث تمام ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


