میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ بورڈ کے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر سالڈ ویسٹ نے شہر بھر میں اپنی سرگرمیوں کو دن رات جاری رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کے پانچ دنوں کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 69 ہزار 961 ٹن آلائشوں اور کچرے کو کامیابی سے لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا گیا ہے۔ میئر کراچی نے تفصیلات بتاتے ہوئے واضح کیا کہ اس مجموعی وزن میں 81 ہزار 525 ٹن قربانی کی آلائشیں اور 88 ہزار 436 ٹن عام کچرا شامل تھا جسے شہر سے اٹھایا گیا۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ صفائی کے اس پورے آپریشن کے دوران ایک ایک لینڈ فل سائٹ کی نگرانی (مانیٹرنگ) خود کی جا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں قانون ہاتھ میں لینے اور آلائشوں کو چیر پھاڑ کر کے گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے سخت کارروائی کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اب تک 40 ایف آئی آرز درج کروائی جا چکی ہیں جبکہ خلاف ورزی کرنے والے 14 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔


