رپورٹ کے مطابق، معروف امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور فٹبال اسٹار ٹریوس کیلسی کی نیویارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ہونے والی شادی کے فوراً بعد امریکی صدارتی دفتر "وائٹ ہاؤس” نے ایک غیر روایتی اور طنزیہ ردعمل جاری کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔ جیسے ہی دونوں شخصیات کی شادی کی تصدیق کے لیے میڈیسن اسکوائر گارڈن کے بڑے ڈیجیٹل بل بورڈز پر گلابی رنگ میں شادی کا پیغام ڈسپلے ہوا، تو وائٹ ہاؤس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ ‘ایکس’ (سابقہ ٹویٹر) سے اس پیغام کی نقل کرتے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی گئی، جس میں شادی کی مبارکباد دینے کے بجائے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تشہیر کی گئی تھی۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے پوسٹ کی گئی اس مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصویر میں ٹیلر سوئفٹ کے اسی ویژول اسٹائل اور گلابی اسکرینز کو کاپی کیا گیا تھا، جس پر جلی حروف میں لکھا تھا کہ "ٹرمپ آپ کے صدر ہیں” (TRUMP IS YOUR PRESIDENT)، جبکہ اس پوسٹ کا کیپشن "یہ ہو گیا ہے!!!” (IT’S HAPPENED!!!) رکھا گیا تھا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس ہائی پروفائل شادی کو ڈونلڈ ٹرمپ کی سیاسی تشہیر کے لیے استعمال کرنے اور ٹیلر سوئفٹ کا مذاق اڑانے کی کوشش پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے، کیونکہ صدر ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ کے مابین ماضی میں شدید سیاسی اختلافات اور لفظی جنگ ریکارڈ پر موجود رہی ہے۔