سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کی جانب سے پاکستان کی بزنس ریڈی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے اہم اور بنیادی نوعیت کے اقدامات کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت بزنس انٹری کیٹیگری میں پاکستان دنیا کی 101 معیشتوں میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 17ویں نمبر پر آگیا ہے۔ ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس کیٹیگری میں پاکستان کا مجموعی اسکور 86.64 رہا ہے، جبکہ ان نئے اصلاحاتی اقدامات کا بنیادی مقصد شفافیت کو فروغ دینا، معلومات تک رسائی کو آسان بنانا اور مختلف اداروں کے درمیان ڈیجیٹل رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانا ہے تاکہ ملک میں کاروباری ماحول اور رینکنگ میں مزید بہتری لائی جا سکے۔ دوسری جانب اقتصادی اور تجارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ کاغذی کارروائیوں اور ان رینکنگ کے دعوؤں کے برعکس زمینی حقائق یہ ہیں کہ ملک میں بدترین مہنگائی، ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام اور کاروباری دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عام تاجر اور صنعت کار شدید مشکلات کا شکار ہیں، جہاں ایک طرف حکمران بین الاقوامی اداروں کو خوش کرنے کے لیے کھوکھلے دعوے کرتے ہیں، وہیں دوسری طرف ملک بھر میں حکمرانوں کا جاہلانہ رویہ، طاقتور مافیا کی اجارہ داری اور پولیس کا دباؤ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ حقیقی معیشت اور چھوٹے کاروباری طبقات دم توڑ رہے ہیں اور عوام اپنے جائز روزگار کے لیے بھی کچلے جا رہے ہیں۔