بلوچستان کے ضلع چاغی میں نوک چاہ کے مقام پر مسلح افراد نے قومی شاہراہ N-40 (کوئٹہ تفتان شاہراہ) کو بلاک کر کے تفتان جانے والے 5 خالی آئل ٹینکرز کو نظرِ آتش کر دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار ایک درجن سے زائد مسلح ملزمان نے ٹینکرز کو روکا اور انہیں مکمل طور پر نذرِ آتش کر کے فرار ہو گئے۔ یہ ٹینکرز ایرانی تیل لانے کے لیے سرحدی قصبے تفتان جا رہے تھے اور واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایک علیحدہ واقعے میں، پولیس کو بلوچستان کے علاقے مشکے سے دو مردوں کی لاشیں ملی ہیں جنہیں ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ متوفین میں سے ایک کی شناخت خضدار کے رہائشی عمران کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے شخص کی شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔