بھارت میں امتحانات کے پیپر لیک اسکینڈل کے خلاف جاری ملک گیر احتجاج کے دوران ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ نے انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کی گرفتاریوں کی اطلاعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گرفتار نوجوانوں کی فوری اور بلا مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ نوجوانوں اور طلبا پر مشتمل اس ابھرتی ہوئی سیاسی تحریک کے رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے گرفتار مظاہرین کو فوری طور پر آزاد نہ کیا تو تحریک اگلے ضروری سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگی۔
یاد رہے کہ بھارت میں حالیہ دنوں میں تعلیمی پیپر لیک کے خلاف نوجوانوں کی جانب سے ‘کاکروچ موومنٹ’ کے نام سے ایک بڑی تحریک شروع کی گئی تھی، جس کے دباؤ میں آ کر بھارتی وزیر تعلیم کو استعفیٰ بھی دینا پڑا۔ کاکروچ جنتا پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ پرامن مظاہرین پر درج مقدمات ختم کیے جائیں اور گرفتار کیے گئے تمام طالب علموں کو فی الفور رہا کیا جائے تا کہ صورتحال مزید کشیدہ نہ ہو۔