یورپی سینٹرل بینک کی صدر کرسٹین لگارڈ نے بحیرہ احمر میں یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تیل کے جہاز پر کیے جانے والے حالیہ حملے کو انتہائی "تشویشناک” قرار دیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق، یورپی سینٹرل بینک مشرقِ وسطیٰ میں ایران کی جنگ کے باعث پیدا ہونے والے عالمی افراطِ زر اور مہنگائی کے اثرات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ای سی بی کی صدر کرسٹین لگارڈ کا کہنا تھا کہ اگرچہ حوثیوں کا یہ تازہ حملہ شرحِ سود سے متعلق بینک کی حالیہ مشاورت اور فیصلوں پر اثر انداز ہونے کے لحاظ سے کافی دیر سے ہوا، تاہم عالمی منڈی پر اس کے براہِ راست اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید نشاندہی کی کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں لمحہ بہ لمحہ ہونے والے اتار چڑھاؤ اور اضافے سے اس واقعہ کے معاشی اثرات کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔