کراچی: ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال، پبلک بس سروس مکمل بند

کراچی میں پبلک بسوں، کوچز اور منی بسوں کے مالکان نے کرایوں میں اضافے اور گیس کی بندش کے خلاف غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے، جس کے باعث شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر معطل ہو گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ اتحاد کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور سی این جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور فلنگ اسٹیشنز کی ہفتہ وار طویل بندش کے بعد موجودہ کرایوں پر گاڑیاں چلانا اب ان کے بس میں نہیں رہا۔

ہڑتال کے باعث صبح سویرے اپنے دفاتر، تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز کے لیے نکلنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بس اسٹاپس پر مسافروں کے شدید رش اور گاڑیوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد خوار ہوتی رہی، جبکہ آن لائن ٹیکسی سروسز اور رکشہ مالکان نے اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرایوں میں دو گنا اضافہ کر دیا ہے جس سے عوام پر مالی بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب، محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام نے ٹرانسپورٹ مالکان سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ صوبائی انتظامیہ کا موقف ہے کہ مسافروں پر یکطرفہ طور پر کرایوں کا بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا، تاہم ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات اور ایندھن کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے تاکہ شہر کی ٹریفک کو فوری طور پر بحال کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے