کراچی میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کا بڑا ایکشن؛ افغانستان سے تربیت یافتہ 5 دہشت گرد گرفتار، ریکی کی کوشش ناکام

کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) اور حساس اداروں نے انٹیلیجنس معلومات پر مشترکہ طور پر مضافاتی اور حساس مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، گرفتار ملزمان نے کراچی کے مختلف حساس اور اہم مقامات کی ریکی کی تھی، تاکہ شہر میں تخریب کاری اور دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جا سکے۔ گرفتار ملزمان نے افغانستان میں دہشت گردی کی سخت تربیت حاصل کی تھی اور وہ حال ہی میں کراچی پہنچے تھے۔ ملزمان یہاں شہر کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے حساس تنصیبات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کر کے ان کا یہ نیٹ ورک توڑ دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق، گرفتار ملزمان میں سے ایک مبینہ دہشت گرد 2024 میں بلوچستان کے علاقے کشکور میں آئی ای ڈی (IED) دھماکے میں بھی ملوث رہا ہے، جبکہ اس نے کالعدم تنظیم کے خفیہ تربیتی کیمپ سے تخریب کاری کی خصوصی تربیت بھی لی تھی۔ سیکیورٹی اداروں نے ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ ان کے مقامی سہولت کاروں اور کراچی پہنچنے والے دیگر مفرور ساتھیوں کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے