محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کے ایک اہم اجلاس میں کراچی کی نیو سبزی منڈی میں مال بردار گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز کی سہولت کے لیے ایک خصوصی "فیسلیٹیشن ڈیسک” قائم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ اس ڈیسک کا بنیادی مقصد کراچی آنے والی مال بردار گاڑیوں کو روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کا اجراء اور ان کی تجدید (Renewal) ایک ہی جگہ فراہم کرنا ہے۔
اس اہم اقدام کا ہدف 30 جون 2026ء تک زیادہ سے زیادہ کمرشل اور مال بردار گاڑیوں کو حکومت سندھ کے ڈیجیٹل اور آٹومیشن نظام میں شامل کرنا ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران ہی اس فیسلیٹیشن ڈیسک کو مکمل طور پر فعال بنایا جا رہا ہے، جس کے لیے عملے کی تعیناتی، بینرز اور عوامی نوٹسز سمیت ٹرانسپورٹرز کی آگاہی کے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نیو سبزی منڈی میں اس ڈیسک کے قیام سے ٹرانسپورٹرز کو روٹین کے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے مستقل نجات مل جائے گی اور ان کے وقت اور اخراجات کی بچت ہوگی۔


