جھنگ ملتان روڈ پر گھڑیاں بون کٹیا کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ملتان سے جھنگ جانے والی ایک مسافر بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے گہری کھائی میں جا گری۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل سوار اچانک علی آباد لنک روڈ سے سڑک پر آ گیا، جسے بچانے کی کوشش میں بس ڈرائیور گاڑی پر سے کنٹرول کھو بیٹھا۔
حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار کم از کم 20 مسافر زخمی ہوئے، جن میں سے 15 کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی گئی، جبکہ 5 شدید زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) ہسپتال جھنگ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں ریاض حسین (65)، محمد توحید (18)، احمد سلیم (12)، رضیہ ریاض (50) اور ابوبکر (14) شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، جھنگ کی تحصیل احمد پور سیال میں بھی ایک الگ حادثہ پیش آیا، جس میں منی ٹرک اور لوڈر رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 70 سالہ محمد طفیل نامی شخص جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا، جسے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔


