بحرین کی وزارتِ داخلہ نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) سے وابستہ ایک گروپ کے 41 ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔
بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی بی این اے (BNA) کے مطابق، یہ گرفتاریاں انٹیلی جنس رپورٹس اور پبلک پراسیکیوٹرز کی جانب سے جاسوسی اور غیر ملکی مداخلت کے مقدمات کی تحقیقات کے بعد عمل میں لائی گئی ہیں۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ اس تنظیم کی سرگرمیوں یا قانون شکنی میں ملوث دیگر افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشنز اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں کشیدگی انتہا پر ہے۔ فروری 2026 کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد تہران نے جوابی کارروائیاں کی تھیں، جس میں آبنائے ہرمز کی بندش اور خلیجی ممالک میں امریکی اتحادیوں کو نشانہ بنانا شامل تھا۔ اگرچہ پاکستان کی ثالثی میں 8 اپریل کو جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، لیکن اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کسی مستقل نتیجے پر نہ پہنچ سکے، جس کی وجہ سے خطے میں تاحال غیریقینی کی صورتحال برقرار ہے۔
بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی داخلی سلامتی اور خود مختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے اور غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔


