پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے لیے پاکستان کے سابق سفیر آصف علی خان درانی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے حالیہ تنازع نے یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ عسکری برتری اب سیاسی کامیابی کی ضامن نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقت ہے اور اسرائیل کو خطے میں روایتی برتری حاصل ہے، لیکن اس کے باوجود دونوں ایران کو اپنی پالیسیوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکے۔
سابق سفیر آصف درانی نے ‘اسلام آباد میمورنڈم’ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کو روکنے کے لیے سفارت کاری انتہائی ضروری ہے اور پاکستان خطے کے ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے مشرقِ وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سعودی عرب، ایران، خلیجی ممالک، ترکیہ اور دیگر علاقائی شراکت داروں پر مشتمل ایک جامع سیکورٹی فریم ورک کی ضرورت پر زور دیا تا کہ مستقبل کے خطرات اور جنگوں کا سدباب کیا جا سکے۔