رپورٹ کے مطابق، بلوچستان کے ضلع لورالائی اور اس کے گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے باعث شہریوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.4 ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز لورالائی سے 31 کلومیٹر مشرق کی جانب تھا۔ زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے خوف کے مارے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات پر جمع ہو گئے۔ حکام کی جانب سے ابتدائی معلومات کے مطابق، اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے اور صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔