تہران کے میئر علی رضا زاکانی نے سرکاری میڈیا پر جاری ایک ویڈیو بیان میں بتایا ہے کہ فروری میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات اور جنازے کا شیڈول طے کر لیا گیا ہے۔ ان کی الوداعی تقاریب کا آغاز چار جولائی سے ہوگا جو نو جولائی تک جاری رہیں گی۔
سرکاری حکام کے مطابق سپریم لیڈر کے جنازے کے جلوس کو ایران میں تدفین سے قبل پڑوسی ملک عراق سے گزارا جائے گا۔ شیڈول کے تحت آٹھ جولائی کو جنازے کا جلوس عراق لے جایا جائے گا جہاں عقیدت مند ان کا آخری دیدار کر سکیں گے، جبکہ نو جولائی کو ان کی میت کو ایران کے شہر مشہد منتقل کیا جائے گا جہاں ان کی آخری رسومات اور تدفین کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں ہونے والے فضائی حملوں کے بعد سے ایران اور خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ تہران انتظامیہ کی جانب سے جنازے کے جلوس کو عراق سے گزارنے کا فیصلہ دونوں ملکوں کے گہرے مذہبی اور سیاسی تعلقات کو ظاہر کرتا ہے، جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔