سی ٹی ڈی (CTD) سندھ اور وفاقی سول حساس ادارے نے کراچی میں ایک مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خلاف ملک کی تاریخ کی اپنی نوعیت کی پہلی اور اہم ترین کامیابی حاصل کی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان (TTP) کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے والے سپلائی چین کے ماسٹر مائنڈ کو دھر لیا ہے۔
ملزم کا پروفائل اور افغانستان سے آپریٹ ہونے والا نیٹ ورک:
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کا بھائی "طلال عرف زید بلوچ” خود ٹی ٹی پی کا انتہائی فعال رکن ہے اور اس کا نام سی ٹی ڈی سندھ کی ‘ریڈ بک’ (مطلوب دہشت گردوں کی فہرست) میں بھی شامل ہے۔ طلال اس وقت افغانستان میں مقیم ہے اور وہیں سے اس نیٹ ورک کو آپریٹ کر رہا تھا۔
افغانستان میں بیٹھے بھائی طلال کی ہدایت پر ملزم طاہر کراچی کو بیس بنا کر ٹی ٹی پی کے لیے الیکٹرانکس سامان، جدید ڈرونز، موبائل فون بیٹریاں، چپس، انورٹرز اور آئی ای ڈی (IED) کی تیاری کے لیے دیگر حساس آلات فراہم کرنے کا ذمہ دار تھا۔
کراچی کی مارکیٹوں اور آن لائن پلیٹ فارمز سے خریداری:
دورانِ تفتیش یہ ہولناک انکشاف سامنے آیا کہ ملزم دہشت گردی میں استعمال ہونے والا یہ جدید سامان کراچی کی بڑی ہول سیل مارکیٹوں (صدر، بولٹن مارکیٹ، رنچھوڑ لائن) سے کھلے عام خریدتا تھا۔ اس کے علاوہ وہ آن لائن ای کامرس پلیٹ فارمز (جیسے دراز اور allrc.pk) کا استعمال کر کے بھی سامان آرڈر کرتا تھا۔
ملزم کے قبضے سے مہنگے اور جدید ڈرونز (بشمول DJI Mini 2 اور Air 3) اور گوگل پکسل (Google Pixel) اسمارٹ فونز برآمد ہوئے ہیں۔ وہ ڈرون موٹرز، فریم، پروپیلرز، آئی ای ڈی بم بنانے کے لیے مانگرو کنٹرولر بورڈز، نٹ بولٹ، کلپ وائر اور ہیٹ ٹرنک وائرز سپلائی کرنے میں ملوث پایا گیا ہے۔ یہ سامان خود کش جیکٹس، ریموٹ کنٹرول بموں اور خاص طور پر ڈرون حملوں کے لیے استعمال ہونا تھا۔
برآمدگی اور آئندہ کا لائحہ عمل:
گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 02 کلو گرام اعلیٰ معیار کا بارودی مواد، ایک عدد جدید ڈرون معہ بیٹری اور ریموٹ کنٹرول برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس اداروں نے مشترکہ جے آئی ٹی (JIT) تشکیل دے دی ہے، اور ملزم کے انکشافات کی روشنی میں کراچی سمیت سندھ بھر میں مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
شہریوں سے سی ٹی ڈی سندھ کی اہم اپیل:
ترجمان سی ٹی ڈی سندھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد گہری نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی الیکٹرانکس اور ڈرون سامان کی خرید و فروخت دیکھنے پر فوری طور پر سی ٹی ڈی ہیلپ لائن 1102 پر اطلاع دیں تاکہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔


