کراچی میں ’ڈبہ کارٹیل‘ کی مبینہ سربراہ انمول عرف پنکی کے کیس میں اہم قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قائم مقام پراسکیوٹر جنرل سندھ منتظر مہدی کے مطابق، ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ تاحال جاری ہے اور اسے ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر کل (ہفتہ کو) دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں پراسکیوشن کی جانب سے ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی جائے گی۔
قائم مقام پراسکیوٹر جنرل منتظر مہدی نے اپنے ایک سرکاری بیان میں واضح کیا کہ انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کی برآمدگی، غیر قانونی اسلحہ اور قتل جیسے سنگین مقدمات کی پیروی کے لیے پراسکیوٹرز کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ یہ ٹیم ترجیحی بنیادوں پر ان تمام مقدمات کا جائزہ لے گی تاکہ ملزمہ کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر کے اسے کیفرِ کردار تک پہنچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ملزمہ کو عدالت میں پیشی کے وقت مبینہ پروٹوکول دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہونے پر شدید عوامی غم و غصہ دیکھا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد ایس ایس پی ساؤتھ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ڈی آئی جی ویسٹ کو غفلت برتنے والے افسران کے خلاف تین دن میں رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پراسکیوشن ٹیم اب اس کوشش میں ہے کہ ملزمہ کے مالیاتی نیٹ ورک اور بین الاقوامی روابط کو بے نقاب کرنے کے لیے عدالت سے مزید وقت حاصل کیا جا سکے۔


